ہراسانی کے الزامات پر ارسلان بٹ کے مامیا شاہ جعفر سے سخت سوالات

اگر مبینہ واقعہ پیش آیا تھا تو اس کے بارے میں چار سال بعد بات کیوں کی گئی؟ ارسلان بٹ


ویب ڈیسک June 22, 2026

پاکستانی اداکار ارسلان بٹ نے ساتھی اداکارہ مامیا شاہ جعفر کی جانب سے عائد کیے گئے ہراسانی کے الزامات پر پہلی بار تفصیل سے مؤقف پیش کرتے ہوئے ان الزامات کو بے بنیاد اور حقیقت کے منافی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معاملہ اب قانونی فورمز تک پہنچ چکا ہے اور وہ اپنے دفاع کے لیے عدالت سے رجوع کر چکے ہیں۔

یہ تنازع اس وقت منظرِ عام پر آیا تھا جب مامیا شاہ جعفر نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ارسلان بٹ پر نامناسب رویے کے الزامات لگائے تھے۔ اس معاملے نے سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی تھی۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ارسلان بٹ نے کہا کہ اگر کسی شخص کے ساتھ واقعی ایسا کوئی سنجیدہ واقعہ پیش آیا ہو تو اسے فوری طور پر قانونی اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق ایسے معاملات میں تاخیر کے بجائے فوری کارروائی ضروری ہوتی ہے اور وہ خود بھی ہراسانی جیسے الزامات کو انتہائی سنجیدہ نوعیت کا معاملہ سمجھتے ہیں۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

اداکار نے مزید کہا کہ چونکہ یہ کیس اس وقت عدالت میں زیرِ سماعت ہے، اس لیے وہ اس حوالے سے زیادہ تفصیلات بیان نہیں کرنا چاہتے۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ وہ اس معاملے میں دو مختلف قانونی اقدامات اٹھا چکے ہیں، جن میں ایک شکایت فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے پاس جمع کرائی گئی ہے جبکہ دوسرا ہتکِ عزت کا مقدمہ ہے۔

ارسلان بٹ کا کہنا تھا کہ ان کے ذہن میں سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ اگر مبینہ واقعہ پیش آیا تھا تو اس کے بارے میں چار سال بعد بات کیوں کی گئی؟ ان کے مطابق اگر الزامات درست تھے تو اس وقت قانونی کارروائی کیوں نہیں کی گئی اور متعلقہ اداروں سے رجوع کیوں نہیں کیا گیا۔

اداکار نے کہا کہ ان پر لگائے گئے الزامات ان کی ساکھ اور پیشہ ورانہ زندگی کے لیے انتہائی حساس نوعیت کے ہیں، اسی لیے وہ اس معاملے کا فیصلہ عدالت پر چھوڑتے ہیں اور قانونی طریقے سے اپنا مؤقف ثابت کریں گے۔