اسلام آباد: یکم جولائی سے ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی کا نظام ختم کردیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی جی پاسورٹ محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت تمام زونل سربراہان اور سینئر افسران کا اہم اجلاس ہوا جس میں پاسپورٹ نظام میں اصلاحات پر بریفنگ اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں عوام کو پاسپورٹ خدمات کی فراہمی کو مزید آسان، تیز اور مؤثر بنانے کیلیے ڈی جی پاسپورٹ نے زونل سربراہان سے تجاویز بھی طلب کرلیں جبکہ یکم جولائی سے ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی کا نظام ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈی جی پاسپورٹ نے کہا کہ صرف کیو آر کوڈ (QR Code) کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی قبول کی جائے گی، جس کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس جلد ہی پاسپورٹ موبائل ایپ" متعارف کروا رہا ہے اور اس کے ذریعے پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی شہری گھر بیٹھے پاسپورٹ کی درخواست جمع کرواسکیں گے۔
ڈی جی کے مطابق درخواست گزار اپنا پاسپورٹ اپنی دہلیز پر وصول کر سکیں گے اور اس مقصد کے لیے TCS اور DHL کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ ڈی جی پاسپورٹ کے مطابق آئندہ سے صرف ای پاسپورٹس (e-Passports) جاری کیا جائے گا۔
ڈی جی پاسپورٹ نے کہا کہ موجودہ تمام مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس اپنی مقررہ مدت تک بین الاقوامی سفر کے لیے مکمل طور پر قابلِ استعمال اور قابلِ قبول رہیں گے، نادرا مراکز میں پاسپورٹ خدمات کی فراہمی کے لیے سافٹ ویئر کی تیاری کے آخری مراحل میں ہے، اس نظام کے نفاذ کے بعد ملک بھر میں قائم نادرا مراکز کے ذریعے بھی پاسپورٹ درخواستیں جمع کروائی جا سکیں گی۔
ڈی جی نے ہدایت کی کہ پاسپورٹ دفاتر کے اطراف سرگرم ایجنٹ مافیا کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ اپنے زونز میں فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی FIA کے ڈائریکٹرز کے ساتھ قریبی رابطہ اور تعاون کو یقینی بنائیں۔
ڈی جی پاسپورٹ نے بتایا کہ زونل سربراہان اپنے علاقوں میں پاسپورٹ دفاتر کے باقاعدہ دورے کریں اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے ٹھوس، مؤثر اور قابلِ عمل اقدامات کو یقینی بنائیں۔