آئی اے ای اے کو نشانہ بننے والی جوہری تنصیبات تک رسائی نہیں ملے گی، ایران

اگر مذاکرات کو کامیاب بنانا ہے تو واشنگٹن کو دھمکی آمیز اور مغرورانہ بیانات سے گریز کرنا ہوگا، اسماعیل بقائی


ویب ڈیسک June 23, 2026

​​​​​​​تہران: ایران نے واضح کیا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران نشانہ بننے والی جوہری تنصیبات تک بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو رسائی دینے کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تہران ایسی جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینے کا ارادہ نہیں رکھتا جو حالیہ تنازع کے دوران حملوں کا نشانہ بنی تھیں۔

انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی عمل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کسی بھی مفاہمت کی بنیاد باہمی احترام، حقیقت پسندی اور مساوی رویے پر ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مذاکرات کو کامیاب بنانا ہے تو واشنگٹن کو دھمکی آمیز اور مغرورانہ بیانات سے گریز کرنا ہوگا۔

اسماعیل بقائی نے ایران کے منجمد مالی اثاثوں کے حوالے سے بھی اہم بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو فنڈز ایران کو واپس ملیں گے، ان کے استعمال کے بارے میں فیصلہ کرنے کا مکمل اختیار ایران کے پاس ہوگا اور تہران ان وسائل کے حوالے سے آزادانہ طور پر عمل کرنے کا مجاز ہوگا۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران کا یہ مؤقف ظاہر کرتا ہے کہ تہران اپنی دفاعی اور جوہری پالیسیوں پر کسی بیرونی دباؤ کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں اور مذاکرات میں اپنی خودمختاری برقرار رکھنا چاہتا ہے۔