پاکستانی شوبز انڈسٹری میں گزشتہ کچھ عرصے سے زیرِ بحث رہنے والا مامیا شاہ جعفر اور ارسلان بٹ کا قانونی تنازع بالآخر اختتام کو پہنچ گیا۔ دونوں فنکاروں نے عدالت سے باہر معاملہ طے کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف جاری قانونی کارروائیاں واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اداکارہ مامیا شاہ جعفر، جنہوں نے ڈراموں کالج گیٹ اور میسنی کے ذریعے شوبز کی دنیا میں اپنی شناخت بنائی، کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں ایک ساتھی فنکار کی جانب سے نامناسب رویے اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ڈرامہ میسنی کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا تھا۔
بعد ازاں اس معاملے میں اداکار ارسلان بٹ کا نام سامنے آیا، تاہم انہوں نے ابتدا ہی سے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔ معاملہ میڈیا کی سرخیوں میں آنے کے بعد دونوں فریقین کے درمیان قانونی جنگ شروع ہوئی اور ایک دوسرے کو قانونی نوٹسز بھی ارسال کیے گئے۔
اب ارسلان بٹ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ دونوں کے درمیان تنازع باہمی رضامندی سے حل کر لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق مامیا شاہ جعفر نے اپنے تمام الزامات واپس لے لیے ہیں، جبکہ انہوں نے بھی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں دائر شکایات اور ہتکِ عزت کے مقدمے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
اداکار نے تصفیے سے متعلق معاہدے کی تفصیلات بھی شیئر کیں اور عوام سے اپیل کی کہ اس معاملے کو مزید بحث کا موضوع نہ بنایا جائے، کیونکہ دونوں فریقین اس تنازع کو ختم کر چکے ہیں۔
دوسری جانب اس پیش رفت پر سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ قانونی اور مالی معاملات سامنے آنے کے بعد فریقین نے صلح کو ترجیح دی، جبکہ کچھ افراد نے رائے دی کہ ہراسانی سے متعلق مقدمات اکثر کسی حتمی عدالتی فیصلے تک نہیں پہنچ پاتے۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے یہ قیاس آرائیاں بھی کیں کہ شاید یہ تنازع کسی آنے والے منصوبے یا پروجیکٹ کی تشہیر کا سبب بن رہا تھا، تاہم اس حوالے سے کسی بھی فریق کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ بہرحال، عدالت سے باہر ہونے والے اس معاہدے کے بعد مامیا شاہ جعفر اور ارسلان بٹ کے درمیان جاری قانونی تنازع باضابطہ طور پر اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔