وفاق نے ڈالر کی قیمت زبردستی روک رکھی ہے ورنہ 500 روپے تک جائے گی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

بجٹ کا جشن منائیں یا نہ منائیں لیڈر کی رہائی کا ضرور منائیں گے، سہیل آفریدی کا صوبائی اسمبلی میں بجٹ سیشن سے خطاب


شاہدہ پروین June 24, 2026
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بجٹ سے خطاب کیا—فوٹو: اسکرین گریب

خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے ڈالر کی قیمت زبردستی روک رکھی ہے ورنہ ڈالر کی قیمت 500 روپے تک جائے گی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں بجٹ سیشن کے دوران ایوان سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ بہترین بجٹ بنانے پر پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اپوزیشن لیڈر کی خدمت میں عرض ہے کہ بجٹ کا جشن منائیں یا نہ منائیں لیڈر کی رہائی کا ضرور منائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور حکومت پنجاب ہمارا این ایف سی کا حق نہیں دے رہے، جس کی وجہ سے مسائل بنے ہوئے ہیں، وفاق کی جانب سے خیبرپختونخوا کے ساتھ امتیازی سلوک ہوتا ہے، جن کی وفاق میں حکومت ہے وہ ہم پر تنقید نہ کریں وہ وفاق کو مشورہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 3 فیصد ہے، جس سے کم سے کم 5 ہونا چاہیے، خیبرپختونخوا میں جو صورت حال زبردستی بنائی گئی ہے وہ پاکستان میں خودبخود بنتی رہے گی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ کیا اپ ایکسپورٹ زیادہ کرنے کے لیے کوئی اقدامات کیے، 36 ارب ڈالر پاکستان کا تجارتی خسارہ چل رہا ہے، یہ لوگ خسارہ پورا نہیں کر سکتے، زبردستی جو لائے گئے ہیں ان کی وجہ سے پاکستان تباہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق نے ڈالر کی قیمت زبردستی روکی ہے ورنہ اس کی قیمت 500 روپے تک پہنچ جائے گی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سیکیورٹی گارڈ عارف خٹک کو ایوان میں بلا لیا اور کہا کہ کالے چینلز کو کچھ نہ ملا توعارف خٹک کو نشانہ بنانا شروع کیا، عارف خٹک وہ سپاہی ہے جس نے بانی کے لیے اپنا سینہ آگے کیا۔

عارف خٹک نے ایوان میں عمران خان زندہ باد کے نعرے جبکہ عارف خٹک کو ایوان میں بلانے اور نعروں پر اپوزیشن نے احتجاج کیا اور اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ نے کہا کہ غیر متعلقہ شخص کو ایوان میں آنے کی اجازت نہیں۔

صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کی جانب سے اس موقع پر نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔