امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ واقعہ کربلا کا اصل پیغام ملوکیت، ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد ہے۔
یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سیدنا امام حسینؓ کا راستہ حق، عدل اور مزاحمت کا ہے۔ خانوادۂ رسولؐ نے کربلا میں اپنی ذات یا اقتدار کے لیے نہیں بلکہ ایک نظریے، امت کی اصلاح کے لیے قربانی دی۔
حافظ نعیم نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے اپنے عمل سے ثابت کیا باطل نظام کے سامنے خاموشی اختیار کرنا اہل حق کا راستہ نہیں۔ آج امت مسلمہ کو واقعہ کربلا کے اصل مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، یہ شہادت امت کے لیے پیغام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم شہادت امت کے لیے پیغام ہے کہ وہ نبیؐ کی تعلیمات اور شریعت کے نفاذ کے لیے کوشش کرے۔ اقامت دین کے قیام کی جدوجہد دراصل امام حسینؓ کے مشن کی روح ہے۔ محرم الحرام ہمیں یاد دلاتا ہے کہ عزت کی زندگی حق کے ساتھ کھڑے ہونے میں ہے۔
امیر جماعت نے اپنے پیغام میں کہا کہ جو قومیں ظلم کے سامنے جھک جاتی ہیں وہ اپنی آزادی اور وقار کھو دیتی ہیں۔ حضرت امام حسینؓ نے اپنے عمل سے یہ واضح کر دیا کہ حق پر ڈٹ جانا ہی کامیابی ہے، امت کو اب انہی اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔