نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر بلیئر ٹکنر انگلینڈ کے خلاف جاری تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ سے کنکشن (دماغی چوٹ) کے باعث باہر ہو گئے ہیں۔
ٹکنر کو انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر کی تیز رفتار باؤنسر ہیلمٹ پر لگنے کے بعد طبی معائنہ کیا گیا تھا۔
ٹکنر نمبر 10 پر بیٹنگ کے لیے آئے تھے اور صرف اپنی تیسری گیند پر خطرناک باؤنسر کا نشانہ بنے۔
ابتدائی معائنے کے بعد انہوں نے گیند بازی بھی کی اور تین اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کیے 21 رنز دیے، تاہم بعد ازاں متلی کی شکایت کے باعث چائے کے وقفے کے بعد میدان میں واپس نہ آ سکے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ نے تصدیق کی کہ ٹکنر کی جگہ زیک فولکس کو کنکشن متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے جنہیں میچ ریفری اینڈی پائکرافٹ نے باقاعدہ منظوری دی۔
فولکس اب میچ کے باقی حصے میں مکمل کردار ادا کر سکیں گے۔
ادھر آل راؤنڈر ڈیرل مچل نے کہا کہ ٹکنر کی حالت بہتر نہیں ہے تاہم وہ ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں اور امید ہے کہ جلد صحتیاب ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹکنر کی غیر موجودگی ٹیم کے لیے نقصان ضرور ہے لیکن زیک فولکس کے لیے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا یہ ایک بہترین موقع بھی ہے۔