ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز: بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کا راج، بہترین کھلاڑی قرار

بابر اعظم نے دونوں ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 193 رنز اسکور کیے جن میں دو نصف سنچریاں شامل تھیں


ویب ڈیسک August 05, 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شاندار بیٹنگ کی بدولت جوائنٹ پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

بابر اعظم نے دونوں ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 193 رنز اسکور کیے جن میں دو نصف سنچریاں شامل تھیں اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

دوسری جانب دوسرے ٹیسٹ کے پلیئر آف دی میچ کا اعزاز عبداللہ شفیق کے نام رہا جنہوں نے پہلی اننگز میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 160 رنز کی ناقابلِ شکست شاندار اننگز کھیلی۔

عبداللہ شفیق نے دوسری اننگز میں بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز ناٹ آؤٹ بنائے اور پاکستان کو ہدف حاصل کروا کر ٹیم کی 8 وکٹوں سے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی اور بیرونِ ملک مسلسل آٹھ ٹیسٹ شکستوں کے بعد فتح حاصل کر لی۔

اس فتح  میں بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کی شاندار کارکردگی قومی ٹیم کی کامیابی کا محور ثابت ہوئی۔