MIAMI:
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ کے کے اہم مقابلے میں کولمبیا اور پرتگال کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم یہ نتیجہ کولمبیا کے لیے کافی اچھا ثابت ہوا جس نے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی جبکہ پرتگال کو دوسرے نمبر پر اکتفا کرنا پڑا۔
میامی میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں پرتگال کو گروپ میں سرفہرست آنے کے لیے لازمی فتح درکار تھی لیکن کولمبیا نے بھرپور دفاعی اور جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے اسے کامیابی حاصل نہ کرنے دی۔
میچ کے آغاز ہی میں کولمبیا کے جون کورڈوبا نے ہیڈر کے ذریعے گول کرنے کی کوشش کی، تاہم گیند کراس بار کے اوپر سے گزر گئی۔
چند لمحوں بعد پرتگال کے گول کیپر ڈیوگو کوسٹا نے شاندار ایک ہاتھ سے بچاؤ کرتے ہوئے کولمبیا کو برتری حاصل کرنے سے روک دیا۔
پہلے ہاف کے اختتام سے قبل پرتگال نے بھی حملے تیز کیے لیکن کولمبیا کے گول کیپر کامیلو وارگاس نے برونو فرنینڈس کی قریب سے لگائی گئی طاقتور شاٹ کو شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کو نقصان سے بچایا۔
41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو جنہوں نے گزشتہ میچ میں ازبکستان کے خلاف دو گول اسکور کیے تھے اس بار کولمبیا کے مضبوط دفاع کے سامنے زیادہ مؤثر ثابت نہ ہو سکے اور پورے میچ میں محدود مواقع ہی حاصل کر پائے۔
دوسرے ہاف میں کولمبیا نے مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ رچرڈ ریوس اور گستاوو پوئرتا کے حملے خطرناک ثابت ہوئے جبکہ لوئس سواریز ایک آسان موقع ضائع کر بیٹھے۔
میچ کے 90ویں منٹ میں ایسا محسوس ہوا کہ کولمبیا نے فیصلہ کن گول کر دیا ہے، جب ڈیونسن سانچیز نے ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچائی لیکن اسسٹنٹ ریفری نے معمولی آف سائیڈ کی بنیاد پر گول مسترد کر دیا۔
اگرچہ میچ بغیر کسی گول کے ختم ہوا تاہم کولمبیا نے بہتر کارکردگی کی بدولت گروپ کے میں پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی جبکہ پرتگال دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا۔