اسرائیل کا غزہ میں بےگھر افراد پر حملہ، ماں اور بچوں سمیت 6 افراد شہید

لاکھوں بے گھر افراد خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں


ویب ڈیسک June 30, 2026

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا جس میں خاتون اور بچوں سمیت 6 افراد شہید ہوگئے۔

مقامی طبی ذرائع اور فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی حملے میں ایک ماں اور اس کے بچے سمیت کم از کم 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق حملہ ایسے علاقے میں ہوا جہاں جنگ کے باعث بے گھر ہونے والے خاندان عارضی خیموں میں مقیم تھے۔ امدادی کارکنوں نے ملبے اور تباہ شدہ خیموں سے زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔

فلسطینی حکام کا مؤقف ہے کہ حملوں میں عام شہری، خصوصاً خواتین اور بچے مسلسل نشانہ بن رہے ہیں۔

اقوام متحدہ اور بین الاقوامی امدادی اداروں نے غزہ میں انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاکھوں بے گھر افراد خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں اور محفوظ پناہ گاہوں کی شدید کمی ہے۔