کینبرا: آسٹریلیا نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنے شہریوں کو افغانستان کا سفر نہ کرنے کی سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیکیورٹی صورتحال بدستور غیر یقینی اور خطرناک ہے۔
آسٹریلوی محکمہ خارجہ و تجارت کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری تازہ سفری ہدایات میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ افغانستان کا سفر ہرگز نہ کریں۔
ایڈوائزری کے مطابق ماضی میں افغانستان میں آسٹریلوی شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ بعض افراد کو غیر قانونی طور پر حراست میں بھی لیا گیا۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان کا کوئی بھی علاقہ مکمل طور پر محفوظ نہیں، حتیٰ کہ دارالحکومت کابل میں بھی سیکیورٹی خطرات موجود ہیں۔
محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سیاحت، ثقافتی سرگرمیوں، کاروباری مقاصد یا اہل خانہ سے ملاقات کے لیے بھی افغانستان جانے سے گریز کریں۔
رپورٹس کے مطابق امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور متعدد دیگر ممالک بھی اپنے شہریوں کو افغانستان کے سفر سے متعلق سخت سفری ہدایات جاری کر چکے ہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کی تلقین کرتے ہیں۔
اس معاملے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے تجزیہ کار ڈاکٹر ارم سرور نے کہا کہ افغانستان میں سیکیورٹی صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے اور ملکی و غیر ملکی شہریوں کو مختلف خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق مختلف ممالک کی جانب سے اپنے شہریوں کو افغانستان کے سفر سے روکنے کی ہدایات اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ بین الاقوامی سطح پر سیکیورٹی خدشات بدستور برقرار ہیں۔
افغانستان میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال، سفری پابندیوں اور بین الاقوامی خدشات کے باعث کئی ممالک اپنے سفری مشوروں کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں اور اپنے شہریوں کو تازہ ترین ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کر رہے ہیں۔