لیبیا کے راستے یورپ جانے کی کوشش: 175 ڈی پورٹ پاکستانیوں اور ایجنٹوں کے خلاف 48 مقدمات درج

ایف آئی اے کے مطابق تمام افراد 25 مئی کو لیبیا سے ڈی پورٹ ہو کر پاکستان واپس پہنچے تھے۔


ویب ڈیسک July 07, 2026

لیبیا کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 175 پاکستانیوں اور انسانی اسمگلروں کے خلاف ایف آئی اے نے مختلف شہروں میں 48 مقدمات اور انکوائریاں شروع کر دی ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق تمام افراد 25 مئی کو لیبیا سے ڈی پورٹ ہو کر پاکستان واپس پہنچے تھے۔ یہ افراد قانونی ویزوں پر لیبیا گئے تھے، تاہم وہاں سے غیر قانونی طریقے سے (ڈنکی) یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سیل نے ملک کے 7 زونز میں کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ میں 24 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں 49 ڈی پورٹ افراد اور 37 ایجنٹ نامزد ہیں۔ اسلام آباد اور کوہاٹ میں 9، 9 مقدمات درج کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 73 نوجوانوں اور ان کے ایجنٹوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

فیصل آباد میں 3 مقدمات میں 24 ڈی پورٹ افراد اور 11 ایجنٹ نامزد کیے گئے، جبکہ لاہور میں 2 مقدمات کے ذریعے 9 ڈی پورٹ افراد اور 11 ایجنٹوں کو شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔

پشاور اور کراچی میں ایک، ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں مجموعی طور پر 44 ڈی پورٹ افراد اور 26 ایجنٹ نامزد ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق تمام افراد یورپ جانے کی نیت سے لیبیا پہنچے تھے، تاہم قانونی قیام کا جواز نہ ہونے پر لیبیا کے حکام نے انہیں حراست میں لے کر پاکستان واپس بھیج دیا۔