کراچی؛ عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرنیوالے کھلاڑیوں کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد

اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے عالمی سطح پر اعزازات حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں


اسٹاف رپورٹر July 06, 2026

کراچی:

چیئرمین ٹی ایم سی اورنگی حاجی محمد جمیل ضیاء کی جانب سے مسٹر جونیئر یونیورس 2026 اطہر جہاں سمیت اورنگی ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے باڈی بلڈرز، باکسرز اور دیگر کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ترجمان سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے مطابق تقریب میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی و چیئرمین سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سندھ پولیس کے افسران، مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے عالمی سطح پر اعزازات حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے کہا کہ پاکستان کے لیے عالمی سطح پر اعزازات حاصل کرنے والے کھلاڑی پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے چیئرمین ٹی ایم سی اورنگی حاجی محمد جمیل ضیاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات صحت مند سرگرمیوں، قومی جذبے اور نوجوانوں میں مثبت سوچ کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے ذریعے مختلف کھیلوں کی سرپرستی جاری رکھے ہوئے ہے اور مستقبل میں بھی قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی اور سرپرستی جاری رکھی جائے گی۔