مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے رائٹرز کی رپورٹ قیاس آرائی پر مبنی ہے، وزارت اطلاعات

رائٹرز اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ اور دیگر متعلقہ حکام کے سرکاری بیانات سے رجوع کرے


ویب ڈیسک October 06, 2026

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے رائٹرز (Reuters) کی قیاس آرائی پر مبنی رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ پاکستان حرمین شریفین اور مملکتِ سعودی عرب (KSA) کی سیکیورٹی کے حوالے سے اپنے عزم کو پہلے ہی انتہائی واضح کر چکا ہے، اور اس معاملے پر کسی قسم کی سودے بازی یا سمجھوتہ ممکن نہیں۔

ایک بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اجتماعی دفاعی صلاحیت (deterrence) کو عملی جامہ پہنانے سے متعلق آپریشنل تفصیلات، آپریشنل رازداری کا معاملہ ہیں اور انہیں میڈیا میں قیاس آرائیوں کا موضوع نہیں بنایا جانا چاہیے، لہٰذا، غیر مصدقہ اور نامعلوم ذرائع پر مبنی ایسی انتہائی قیاس آرائی پر مبنی رپورٹس سے گریز کرنا دانشمندی ہوگی۔

بیان کے مطابق اس کے بجائے رائٹرز کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ (MoFA) اور دیگر متعلقہ حکام کے سرکاری بیانات سے رجوع کرے، من گھڑت اعداد و شمار اور تفصیلات جاری کرنے کے بجائے اگر کوئی سوالات ہوں تو انہیں متعلقہ حکام کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے۔