وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ایک جدید، مختلف اور مثالی خوبصورت شہر میں تبدیل کرنے کا وژن دیا ہے، کانفرنس کے انعقاد میں ایک سال سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، لہٰذا تمام ترقیاتی منصوبوں کو دن رات کام کر کے مقررہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے تاکہ پاکستان آنے والے غیر ملکی معزز مہمانوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہو۔
اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈرپاس کے سنگِ بنیاد کی پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم نے خصوصی ٹاسک سونپا ہے کہ کشمیر چوک انڈرپاس سمیت اہم ٹریفک اور انفراسٹرکچر منصوبے ایس سی او کانفرنس کے انعقاد سے قبل ہر صورت مکمل کیے جائیں۔
اس نئے انڈرپاس اور ایکسپریس وے کی سروس لینز کی تکمیل سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے جڑواں شہروں کے مسافروں کو روزمرہ نقل و حرکت میں نمایاں سہولت ملے گی اور دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہو کر صرف 16 سے 18 منٹ رہ جائے گا۔
محسن نقوی نے دارالحکومت کے ماحول اور سیاحت کے حوالے سے اہم اعلانات کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے ایف نائن پارک کو لندن کے مشہور ہائیڈ پارک کی طرز پر بین الاقوامی معیار کے جدید تفریحی مرکز میں ڈھالا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ دارالحکومت میں ایشیا کا سب سے بڑا سفاری پارک بنانے کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جو ماحولیاتی اور تفریحی شعبے میں ایک بڑا سنگِ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ ماحولیاتی تحفظ اور شہر کو سرسبز و صاف ستھرا رکھنے کی حکومتی پالیسی کے تحت 31 دسمبر تک اسلام آباد کو مکمل طور پر ’پلاسٹک فری سٹی‘ بنانے کے ہدف پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔