عاصم اظہر کی آسٹریلیا میں اذان دینے کی وائرل ویڈیو نے مداحوں کے دل جیت لیے

اپنے پیشہ ورانہ دورے کے سلسلے میں آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں موجود عاصم اظہر نے اذان دینے کی سعادت حاصل کی


ویب ڈیسک July 06, 2026

پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر کی آسٹریلیا سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ نہایت دلکش انداز میں اذان دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ان کی اس روحانی انداز نے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔

عاصم اظہر، جنہیں پاکستان کی نوجوان نسل کے کامیاب ترین گلوکاروں میں شمار کیا جاتا ہے، اپنے فنی سفر کا آغاز کم عمری میں کیا تھا اور آج وہ عالمی سطح پر بھی اپنی پہچان رکھتے ہیں۔ موسیقی کے ساتھ ساتھ وہ اپنی روحانی وابستگی کا اظہار بھی مختلف مواقع پر سوشل میڈیا کے ذریعے کرتے رہتے ہیں۔

حال ہی میں اپنے پیشہ ورانہ دورے کے سلسلے میں آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں موجود عاصم اظہر نے اذان دینے کی سعادت حاصل کی۔ وائرل ویڈیو میں وہ سیاہ رنگ کے شلوار قمیض میں ملبوس دکھائی دیتے ہیں، جبکہ ان کی پُرسوز اور دلکش آواز میں دی گئی اذان نے سننے والوں کو بے حد متاثر کیا۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے عاصم اظہر کی اس خوبصورت کاوش کو بھرپور سراہا۔ متعدد مداحوں نے ’’ماشاء اللہ‘‘ کے تبصرے کیے اور ان کی آواز کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت اور مذہبی وابستگی کی بھی تعریف کی۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ایک معروف گلوکار کی جانب سے اس انداز میں اذان دینا نہایت خوش آئند اور دل کو سکون دینے والا لمحہ ہے۔

https://www.instagram.com/reel/DaUkKEIInLE