پشاور کے علاقے سربندمیں زبانی تکرار پر ملزم نے اپنے والد اور بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق دہرے قتل کا واقعہ سنگو کے علاقہ میں پیش آیا ہے جہاں مدعی خانزیب ولد جونس سکنہ سنگونے رپورٹ درج کراتے ہوئے سربند پولیس کو بتایا کہ مقتولین میں اس کا والد اور بھائی شامل ہے۔
مدعی کے مطابق والد جونس اور 30سالہ بھائی ریاض گزشتہ روز گھر میں موجود تھے اس دوران ان کی امجد کے ساتھ کسی بات پر زبانی تکرار ہوگئی۔
اس دوران ملزم نے پستول نکال کر ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ دونوں گولیاں لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔ انہوں نے دہرے قتل کی دعویداری ملزم امجد سکنہ سنگو پر کی ہے۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس کی تفتیشی ٹیم نے موقع پر پہنچ کرکرائم سین سے اہم شواہد اکھٹے کرلیے جبکہ لاشیں پوسٹ مارٹم رپورٹ کیلئے کے ایم سی منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔