زمبابوے نے بنگلادیش کو پہلے ایک روزہ میچ میں 25 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی۔
ہرارے میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں 142 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 32 ویں اوور میں 116 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
مہمان ٹیم کی جانب سے نورالحسن 31 اور توحید ہردوئے 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان مہدی حسن میراز 10، تنزید حسن 8، سومیا سرکار 6، تسکین احمد 5، مستفیض الرحمان 5، نجم الحسن شانٹو 3، مصدق حسین 3 اور رشاد حسین 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ناہید رانا 5 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ پویلین لوٹے۔
زمبابوے کی جانب سے بریڈ ایونز اور رچرڈ نگاروا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ بلیسنگ مزرابانی اور نیومن نیامہوری نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بنگلادیش کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے کی ٹیم 36.4 اوورز میں 141 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے نیومن نیامہوری اور کپتان رچرڈ نگاروا بالترتیب 33 اور 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دیگر بلے بازوں میں انوسینٹ کایا 26، بین کرَن 18، برائن بینیٹ 17، بریڈ ایونز 3، کلائیو میڈانڈے 2، سکندر رضا 1، کریگ اِروائن 0 اور ویسلے میدھیویر 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
بلیسنگ مزرابانی نے ناٹ آؤٹ 4 رنز اسکور کیے۔
بنگلادیش کی جانب سے ناہید رانا نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ تسکین احمد نے 2 اور مہدی حسن میراز نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔