کراچی کے علاقے عزیزآباد میں نامعلوم مسلح ملزمان نے ایک موبائل تاجر سےگن پوائنٹ پر 5 لاکھ روپے نقد اور تین آئی فونز چھین لیے اور باآسانی فرار ہوگئے۔
کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن (کے ایم ای ڈی اے) کے مطابق عزیزآباد کے رہائشی اور فاریہ موبائل مارکیٹ کے تاجر حمزہ نادر سے تھانہ عزیزآباد کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کی گئی جس میں ملزمان پانچ لاکھ روپے نقد اور تین آئی فونز لے کر فرار ہوگئے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق واقعے کے بعد بھی پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے اور لوٹا گیا سامان و رقم برآمد کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ تاجر کا کہنا ہے کہ مجھ سے گن پوائنٹ پر تسلی کے ساتھ موبائل کا پاسورڈ کھلوایا گیا اور اس کے بعد موبائل میں آن لائن بینکنگ کی تمام ایپس کے پاسورڈ پوچھے گئے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ کراچی میں حالیہ دنوں تاجروں کو لوٹنے کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس کے باعث تاجر برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد منہاج گلفام نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرے اور لوٹی گئی نقدی اور موبائل فونز برآمد کرائے تاکہ تاجروں میں پائے جانے والے عدم تحفظ کا احساس ختم کیا جا سکے۔