وسطی اور شمال مغربی چین میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہو گئے جبکہ زیادہ خطرے سے دوچار علاقوں سے ہنگامی انخلا جاری ہے۔
ژنہوا نیوز ایجنسی نے انتظامی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ تمام ہلاکتوں کی اطلاع صوبہ ہوبی میں ہوئی جہاں اس کا مشرقی علاقہ طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کی زد میں آیا۔
ہوانگشی، ہوانگ گانگ، ایزو اور ژیاننگ کے شہروں میں طوفان اور تیز ہواؤں نے تباہی مچائی۔ ہوانگ گانگ کے ہوانگ زو ضلع میں تین برادریوں کو خراب موسم کی وجہ سے شدید نقصان پہنچا ہے۔
منگل کی صبح تک شدید موسم نے کمیونٹیز میں 275 افراد کو زخمی کیا۔ کمیونٹی حکام نے 400 سے زائد رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ دوسری جانب شمال مغربی صوبہ گانسو میں بھی مٹی کے تودے گرنے سے کئی لوگ لاپتہ ہو گئے۔