افغانستان کے سابق فاسٹ بولر 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

شپور زادران افغانستان کرکٹ کے ابتدائی عروج کے دور میں اہم بولر تصور کیے جاتے تھے


زبیر نذیر خان July 07, 2026

افغانستان کے سابق انٹرنیشنل فاسٹ بولر شپور زادران طویل علالت کے بعد 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شپور زادران نے اپنی 39 ویں سالگرہ سے ایک دن قبل 7 جولائی کو بھارت کے شہر نئی دہلی میں اس دار فانی سے کوچ کیا۔

6 فٹ سے زائد طویل قامت والے شپور زادران اپنی جارحانہ بولنگ، لمبے اور لہراتے بالوں کی وجہ سے بہت مشہور تھے۔

وہ افغانستان کرکٹ کے ابتدائی عروج کے دور میں اہم بولر تصور کیے جاتے تھے۔

مہاجر کی حیثیت سے پاکستان کے شہر پشاور میں مقیم رہنے والے شپور زادران نے ابتدائی کرکٹ کا آغاز پشاور ہی سے کیا۔ ان کے ابتدائی ساتھی کھلاڑیوں میں معروف انٹرنیشنل کرکٹرز محمد نبی، اصغر اور دولت زادران بھی شامل تھے۔

انہوں نے 2009 سے 2020 کے درمیان 44 ون ڈے اور 36 ٹی ٹوئنٹی  میچز میں افغانستان کی نمائندگی کی۔

وہ نئی دہلی کے  اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے شعبہ میں  ہیموفاگوسائٹک لیمفو ہسٹیوسائٹوسس نامی سنگین مدافعتی عارضہ سے لڑ رہے تھے۔