پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان راولپنڈی کے اڈیالہ روڈ پر دھرنے کے دوران آپس میں الجھ پڑے جہاں دھرنے میں موجود خواتین نے بیچ بچاؤ کرایا لیکن بعد ازاں دوبارہ کارکنان کا آپس میں تصادم ہوا اور ایک نہتے کارکن کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی اڈیالہ روڈ میں پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں نے ایک نہتے کارکن پر بدترین تشدد کیا اور اس کے کپڑے پھاڑ دیے تاہم دھرنے میں موجود خواتین نے بیچ بچاؤ کرایا۔
پی ٹی آئی کارکنان میں تصادم اس وقت ہوا جب کارکنان کا ایک گروپ علیمہ خان سے ملنے آیا تو دوسرے گروپ نے انہیں آگے آنے سے روک دیا۔
کارکنان نے لڑائی جھگڑے کے دوران ایک دوسرے کے کپڑے پھاڑ دیے۔
دھرنے میں موجود خواتین اور دیگرافراد کی جانب سے بیچ بچاؤ کے تھوڑی دیر بعد پی ٹی ائی کارکن پھر لڑ پڑے اور دو کارکن آپس میں گتھم گتھا ہوگئے، ایک کارکن نے مکے مار مار دوسرے کی عینک توڑ دی اور لڑائی کے دوران کارکنان کی جانب سے دوبارہ ایک دوسرے کے کپڑے پھاڑ دیے گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق بعد ازاں اڈیالہ جیل فیکٹری ناکے کے دھرنے سے دو کارکنوں کو حراست میں لیا گیا، دونوں پر سرعام مبینہ طور پر منشیات استعمال کرنے کا الزام ہے اور گرفتار کارکنوں کو اڈیالہ چوکی منتقل کر دیا گیا ہے۔