کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق گلبہار کے علاقے پنجابی پاڑہ چونا ڈپو کے قریب فائرنگ کے نوجوان زخمی ہوگیا، جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی شناخت 18 سالہ عظیم کے نام سے کی گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے، مضروب کو ٹانگ پر گولی لگی ہے ۔
دوسری جانب باغ کورنگی راڈو بیکری کے قریب فائرنگ سے ایک اور نوجوان زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی شناخت 25 سالہ زوہیب کے نام سے کی گئی ۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے ۔
علاوہ ازیں زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی نمبر 6، سیکٹر 51میں 17 سالہ سلمیٰ زوجہ اقبال بھی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگئی، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ریسکو ذرائع کے مطابق خاتون گھر کے اندر اندھی گولی کا نشانہ بنی۔
متعلقہ تھانوں کی پولیس فائرنگ کے تینوں واقعات کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔