ڈالمیا روڈ صائمہ اسکوائر کی فلیٹ میں آگ لگ گئی، فلیٹ کا قیمتی سامان مکمل طور پر جل گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ڈالمیا روڈ ملینیئم مال سے متصل صائمہ اسکوائر کی آٹھویں منزل کے فلیٹ میں آگ لگنے کی اطلاع پر کے ایم سی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کے رضاکار موقع پر پہنچ گئے۔
حکام نے بتایا کہ واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، آگ کچن کے ذریعے لگی تھی، عمارت میں آگ بجھانے کے آلات ورکنگ میں نہیں ہیں۔
فائربریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر ایک گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، آدھے گھنٹے تک مزید کولنگ کا عمل جاری رہا۔
ریسکیو 1122 کے موقع پر موجود انچارج نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع پر وہ ایمبولینسوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور کے ایم سی کے فائرفائٹرز کی مدد سے آگ پر قابو پالیا، مجموعی پر 3 فائرٹینڈر کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔