سندھ حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے تحت خصوصی (ایکسکلیوسو) بس روٹس شروع کرنے اور لاڑکانہ تا قمبر پیپلز بس سروس کا نیا روٹ بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے ایک اہم اجلاس میں کیے گئے، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے میں جاری اور مجوزہ پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں، ان کے آپریشنل امور، پیش رفت اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ڈبل ڈیکر بسوں، ای وی ٹیکسیز، ای وی بسز، پیپلز بس سروس، گرین لائن اور اورنج لائن کے آپریشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت خصوصی ایکسکلیوسو بس روٹس متعارف کرانا چاہتی ہے، جن کے تحت مختلف روٹس نجی سرمایہ کار کمپنیوں اور افراد کو آپریشن کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان خصوصی روٹس پر جدید، ایئرکنڈیشنڈ الیکٹرک (ای وی) بسیں چلائی جائیں گی اور ان روٹس کو آکشن یا دیگر مسابقتی طریقہ کار کے ذریعے نجی سرمایہ کاروں کے حوالے کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد عوام کو معیاری، محفوظ اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے اجلاس میں لاڑکانہ تا قمبر پیپلز بس سروس کا نیا روٹ جلد شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس روٹ سے ہزاروں شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی اور دونوں اضلاع کے درمیان آمدورفت کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نئے روٹ کے اجراء کے لیے تمام انتظامی اور آپریشنل اقدامات جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ ای وی ٹیکسی منصوبے پر مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت اور مذاکرات جاری ہیں اور منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں جلد ماحول دوست ای وی ٹیکسی سروس کا آغاز کیا جائے گا، جس سے شہری جدید، آرام دہ اور معیاری سفری سہولت سے مستفید ہوں گے، جبکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید ہدایت کی کہ مزید ڈبل ڈیکر بسیں جلد کراچی پہنچنے والی ہیں، لہٰذا ان کے نئے روٹس کی منصوبہ بندی اور تمام انتظامی معاملات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد ان بسوں کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گرین لائن بی آر ٹی کی یومیہ رائڈرشپ 50 ہزار سے بڑھ کر 81 ہزار جبکہ اورنج لائن کی 1,800 سے بڑھ کر 9,800 تک پہنچ جانا خوش آئند امر ہے، جو عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرین لائن بی آر ٹی پر خواتین کے لیے مخصوص پنک بس سروس نے خواتین کو بہترین سفری سہولت فراہم کی ہے اور اس منصوبے کو عوام، خصوصاً خواتین کی جانب سے شاندار پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے اجلاس میں پنک اسکوٹیز کے غلط استعمال کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مرد حضرات فوری طور پر پنک اسکوٹیز چلانے سے گریز کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ جہاں بھی مرد حضرات پنک اسکوٹی استعمال کرتے ہوئے پائے جائیں، ان اسکوٹیز کو فوری طور پر تحویل میں لیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پنک اسکوٹی کا رنگ تبدیل کرنے یا اس پر ریپنگ کرنے والوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
اجلاس کے اختتام پر شرجیل انعام میمن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سندھ عوام کو جدید، محفوظ، ماحول دوست اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام جاری اور مجوزہ ٹرانسپورٹ منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔