شارجہ سے کراچی آنے والے لاپتا طیارے کا ملبہ مل گیا، عملے کے ارکان کی تلاش جاری

لاپتا طیارے کا ملبہ اورماڑہ کے ساحل سے 53 ناٹیکل میل جنوب میں ملا ہے، ریسکیو آپریشن جاری ہے، پی اے اے


ویب ڈیسک July 08, 2026
فوٹو: پی اے اے

شارجہ سے کراچی آتے ہوئے گزشتہ شب اورماڑہ کے قریب حادثے کا شکار ہونے والے نجی کارگو طیارے کا مبلہ مل گیا ہے جبکہ عملے کے ارکان کی تلاش جاری ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے بیان میں بتایا کہ نجی کمپنی کے کارگو طیارے کی تلاش کے لیے پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے نے سمندر میں 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے آپریشن کے دوران لاپتہ طیارہ کے2 ایئرویز کارگو بی 737 کا ملبہ تلاش کرلیا ہے۔

پی اے اے نے بتایا کہ طیارے کا ملبہ اورماڑہ کے ساحل سے 53 نوٹیکل میل جنوب میں ملا ہے، مزید شواہد اور عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے سمندر میں ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ ​پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے بحری اور فضائی اثاثے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ کے2 ایئرویز کا کارگو طیارہ گزشتہ شب شارجہ سے کراچی آتے ہوئے لاپتا ہوگیا تھا اور اس حوالے سے پی اے اے نے بتایا تھا کہ طیارے نے فنی خرابی سےآگاہ کیا تھا تاہم اس کے بعد ریڈار سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

کارگو جہاز میں عملے کے 5 ارکان سوار تھے اور طیارے کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ لاپتا طیارہ فنی خرابی کے بعد مرمت کے لیے شارجہ گیا تھا اور 5 دن شارجہ میں رہا اور فیری فلائٹ (خالی طیارہ) کرتے ہوئے کراچی واپس آرہا تھا۔