امریکی گرینڈ کینیون کی دریا گائیڈ کیلسی پفینڈلر نے کیلیفورنیا سے ہوائی تک بحرالکاہل میں تنہا کشتی چلا کر ایک تاریخی اور ریکارڈ ساز سفر مکمل کر لیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق کیلسی پفینڈلر تقریباً ڈیڑھ ماہ سمندر میں گزارنے کے بعد جمعہ کی رات اپنی 21 فٹ لمبی کشتی ’لِلی‘ پر سوار ہونولولو کی بندرگاہ پہنچیں، جہاں سینکڑوں افراد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
انہوں نے مئی میں کیلیفورنیا کے شہر مونٹیری سے اپنے 2400 میل سے زائد طویل سفر کا آغاز کیا تھا۔ ان کا مقصد بحرالکاہل کا یہ سفر تنہا مکمل کرنے والی پہلی امریکی خاتون، کم عمر ترین خاتون اور تیز ترین خاتون بننا تھا۔
سفر کے دوران لاکھوں افراد نے سوشل میڈیا پر ان کی مہم کو فالو کیا، جہاں وہ سمندر میں اکیلے گزارے گئے لمحات، مشکلات اور دلچسپ تجربات کی ویڈیوز شیئر کرتی رہیں۔
ابتدائی ریکارڈز کے مطابق کیلسی پفینڈلر نے نہ صرف خواتین بلکہ مردوں کے سابقہ رفتار کے ریکارڈ بھی توڑ دیے ہیں۔
تاہم، ان کے کارنامے کی باضابطہ تصدیق اوشیئن روئنگ سوسائٹی انٹرنیشنل کی جانب سے ہونا ابھی باقی ہے، جو گینیز ورلڈ ریکارڈز کے لیے سمندری کشتی رانی کے ریکارڈز کی توثیق کرتا ہے۔