مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس کا گھر میں گھس کر حاملہ خاتون پر تشدد

اسپیشل آپریشن گروپ نے بٹہ پورہ پلوامہ میں خاتون کو چھاپے کے دوران مارا پیٹا


APP August 23, 2014
لوگوں کے پولیس کیخلاف مظاہرے، سرینگر میں سرکاری ملازمین پر لاٹھی چارج، 19 زخمی فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس کی طرف سے لوگوں کو ہراساں کیے جانے اور ایک حاملہ خاتون کی مار پیٹ کیخلاف پلوامہ میں لوگوں نے زبردست مظاہرے کیے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے پلوامہ کے علاقے بٹہ پورہ میں رات کے وقت گھر گھر چھاپوں کے دوران ایک حاملہ خاتون سمیت ایک گھر کے مکینوں کو مارا پیٹا۔

مظاہرین نے مارپیٹ میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ خاتون راجہ بیگم نے میڈیا کو بتایا کہ بھارتی پولیس اہلکار بلا وجہ گھروں میں گھس کر مکینوں کو مار پیٹ کا نشانہ بناتے ہیں۔ دریں اثنا بھارتی پولیس کی طرف سے سرینگر میں سول سیکریٹریٹ کی طرف مارچ کرنے والے سرکاری ملازمین پر شدید لاٹھی چارچ اور پانی کی بوچھاڑ کے باعث کم از کم 19 ملازمین زخمی ہوگئے۔