چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، ہارون اختر

ہارون اختر خان نے اسلام آباد میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے نئے مرکزی دفتر کا افتتاح کیا


ویب ڈیسک July 09, 2026
فوٹو: فائل

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور اس کے فروغ کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے اسلام آباد میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے نئے مرکزی دفتر کا افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پہلی مرتبہ سمیڈا کا مرکزی دفتر اسلام آباد میں قائم اور فعال کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ادارے کو نئے اہداف اور ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ چھوٹے، درمیانے اور گھریلو کاروباروں کو مزید مؤثر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، جس کے فروغ کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار نے کہا کہ کاروبار دوست ماحول، جدید ٹیکنالوجی، تربیت اور مالی سہولتوں تک رسائی کے ذریعے سرمایہ کاری، مقامی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا  کہ نوجوانوں اور خواتین کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی حکومت کی معاشی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہے جبکہ ایس ایم ایز کی ترقی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا اور ملک پائیدار معاشی استحکام کی جانب گامزن ہوگا۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت ملک بھر کے کاروباری افراد کو ایک ہی چھت تلے بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے سمیڈا کو مزید مضبوط بنا رہی ہے کیونکہ مضبوط ایس ایم ایز ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں۔