عراقی وزیر اعظم محمد شیعہ السوڈانی نے کہا ہے کہ ملک میں بدعنوانیوں کیخلاف اعلان جنگ کردیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی حکومت ملک میں کرپشن سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی رقوم کی حفاظت کے لیے کوئی سرخ لکیر نہیں ہے۔ بدعنوانی کے مقدمات میں ملوث ثابت ہونے والے کسی کے لیے بھی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، چاہے اس کا عہدہ یا اثر و رسوخ کچھ بھی ہو۔
دیانتداری اور نگرانی کے معاملات کا جائزہ لینے والی ایک میٹنگ کے دوران، السوڈانی نے وضاحت کی کہ ریاست بلا امتیاز قانون کو سب پر لاگو کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کا مقابلہ کرنا قومی ترجیح ہے جو براہ راست ملکی وسائل کے تحفظ اور اپنے اداروں پر شہریوں کا اعتماد بحال کرنے سے منسلک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نگران اور عدالتی ادارے مالی ضیاع اور انتظامی بدعنوانی کے مقدمات میں ملوث افراد کے تعاقب میں اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ حکومت کسی بھی ایسی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کرے گی جس سے عوامی فنڈز کو نقصان پہنچے یا اصلاحات اور ترقی کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا ہو۔
عراقی وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ مرحلے میں شفافیت اور جوابدہی کے اصولوں کو مضبوط کرنے، چوری شدہ رقوم کی وصولی کے طریقہ کار کو تیز کرنے اور تمام ملوث افراد کو جوابدہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے قانون کی حکمرانی کو مستحکم کرنے اور انصاف کے حصول میں مدد ملتی ہے۔