پائیدار امن کے لیے وفاق، صوبوں اور پارلیمنٹ کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ضروری ہے، طلال چوہدری

وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری سے خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی


ویب ڈیسک July 09, 2026
فوٹو: فائل

وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور پائیدار امن کے لیے وفاق، صوبوں اور پارلیمنٹ کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ضروری ہے۔

خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی وفد نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات کی اور ‎خیبر پختونخوا کے منتخب نمائندوں نے انسداد دہشت گردی اقدامات پر وزارت داخلہ سے تفصیلی مشاورت کی۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ ‎خیبر پختونخوا کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، ‎خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں وفاق ہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‎دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے قومی اتفاق رائے اور مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے، ‎امن، استحکام اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پارلیمنٹ کا فعال کردار وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‎پائیدار امن کے لیے وفاق، صوبوں اور پارلیمنٹ کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ضروری ہے، ‎وفاق اور صوبوں کے درمیان مربوط تعاون سے ہی دہشت گردی کے خطرے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ ‎ارکان پارلیمنٹ مؤثر قانون سازی کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف قومی کوششوں کو مزید مضبوط بنائے۔

اس موقع پر ‎نیکٹا، ایف آئی اے اور NIFTAC کی جانب سے انسداد دہشت گردی سے متعلق قومی پالیسیوں پر وفد کو بریفنگ دی گئی۔