جاپان میں ایک حیران کن اور تشویشناک واقعے کے بعد پولیس نے ایک خاتون کو اپنی ہاؤس میٹ کے ہونٹ سوئی اور دھاگے سے سی دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ متاثرہ خاتون مبینہ تشدد کے بعد گھر سے نکلنے میں کامیاب ہوئیں اور راہگیروں سے مدد مانگ کر اپنی جان بچائی۔
پولیس کے مطابق 42 سالہ متاثرہ خاتون شہر کوگا میں واقع رہائش گاہ سے فرار ہونے کے بعد ایک قریبی دکان پہنچیں، جہاں انہوں نے ایک کاغذ پر ’’براہِ کرم میری مدد کریں‘‘ لکھ کر موجود افراد کی توجہ حاصل کی۔ اس اطلاع پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور کارروائی کا آغاز کیا۔
تحقیقات کے بعد مشرقی جاپان کے صوبے ایباراکی کی پولیس نے 49 سالہ ماسائے ساکورائی کو حملے کے شبہے میں حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پیش آنے والے اس واقعے کے دوران ملزمہ اور متاثرہ خاتون ایک ہی گھر میں رہائش پذیر تھیں، جہاں مبینہ طور پر متاثرہ کے ہونٹ سوئی اور دھاگے سے سی دیے گئے۔
پولیس حکام واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں اور یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ آیا اس رہائش گاہ میں ان دونوں کے علاوہ کوئی تیسرا فرد بھی موجود تھا یا نہیں۔

جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس کو بیان دیا کہ کسی بات پر ہونے والے تنازع کے دوران ملزمہ شدید غصے میں آگئی اور اسی حالت میں اس کے ہونٹ سوئی اور دھاگے سے سی دیے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ملزمہ سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔