پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار دانش تیمور نے فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو سے متعلق اپنے حالیہ بیان پر ہونے والی تنقید کے بعد وضاحت پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کے الفاظ کو غلط انداز میں لیا گیا، حالانکہ ان کا مقصد صرف اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
دانش تیمور نے حال ہی میں رونالڈو کو ان کے ممکنہ آخری فیفا ورلڈ کپ کے موقع پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ انہیں دیکھتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں۔ تاہم اس بیان پر بعض سوشل میڈیا صارفین نے اعتراض اٹھایا اور یاد دلایا کہ دانش تیمور خود رونالڈو سے تقریباً دو سال بڑے ہیں، جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گیا۔
اداکار نے اب انسٹاگرام پر وضاحتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ محض ایک اظہارِ خیال تھے۔ انہوں نے لکھا کہ وہ الحمدللہ 43 برس کے ہیں اور ان کا مطلب یہ تھا کہ انہوں نے اپنی بیس کی دہائی سے چالیس کی دہائی تک رونالڈو کو میدان میں کھیلتے دیکھا ہے اور اس پورے سفر کے دوران وہ ہمیشہ ان کے مداح رہے ہیں۔
دانش تیمور کی وضاحت کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد ان کی حمایت میں سامنے آگئی۔ کئی مداحوں کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک جذباتی اندازِ بیان تھا جسے غیر ضروری تنازع بنا دیا گیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’نفرت کرنے والوں کو بہترین جواب ملا ہے‘۔ جبکہ دوسرے نے لکھا کہ ’حقیقی مداح پہلی پوسٹ کا مطلب پہلے ہی سمجھ گئے تھے‘۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’یہ محض ایک اندازِ بیان تھا، لوگ بلاوجہ ہر بات کو تنازع بنانے کی کوشش کرتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ دانش تیمور طویل عرصے سے فٹبال کے شوقین ہیں اور متعدد مواقع پر کرسٹیانو رونالڈو سے اپنی پسندیدگی کا اظہار کر چکے ہیں۔ ان کی تازہ وضاحت کے بعد یہ معاملہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں مداحوں کی اکثریت اداکار کے مؤقف کی حمایت کرتی نظر آ رہی ہے۔