انڈر 19 ٹی 20 میچز، جنوبی افریقا کی ٹیم جمعے کو کراچی پہنچے گی

ٹیم کو سخت حفاظتی انتظامات میں ایئرپورٹ سے ہوٹل لے جایا جائے گا، 5 میچز کی سیریز نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی


زبیر نذیر خان July 09, 2026

جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیم جمعہ کو کراچی پہنچے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مہمان ٹیم کو قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سخت ترین حفاظتی انتظامات اور وی آئی پی پروٹوکول میں ہوٹل پہنچایا جائے گا۔

آئندہ اے سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے 5  میچز پر مشتمل سیریز 14 سے 24 جولائی تک  نیشنل بینک اسٹیڈیم  میں کھیلی جائے گی۔

سیریز میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت فضا فیاض کریں گی جبکہ مہمان ٹیم کی کپتان نیکی وین سورس ہیں۔

دونوں ٹیمیں 11 سے 13 جولائی تک شبینہ تربیتی مشقوں میں حصہ لیں گی جبکہ سیریز کا پہلا نائٹ  ٹی ٹوئنٹی میچ 14، دوسرا 17، تیسرا 19، چوتھا 22  اور پانچواں و آخری میچ 24 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

دریں اثنا پی سی بی کے تحت  ویمن انڈر19 فٹنس اور اسکلز کیمپ جمعرات کو ختم ہوگی۔

، ہیڈ کوچ و کیمپ کمانڈنٹ محمد مسرور کی زیر نگرانی حنیف محمد ریجنل کرکٹ اکیڈمی، نیشنل بنک اسٹیڈیم پر یکم جولائی سے شروع ہونے والے کیمپ میں 20 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا تھا۔

کیمپ کے دوران جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے 17 رکنی اسکواڈ منتخب کیا گیا۔ دوسری جانب کیمپ کے اختتام پر پاکستان انڈر 19 ویمن اسکواڈ کی کھلاڑی مقامی ہوٹل منتقل ہو گئیں۔

پاکستان ویمنز انڈر 19 اسکواڈ میں کپتان فضا فیاض، الزوہہ حماد، اقصیٰ حبیب، عریشہ انصاری، بریرہ سیف، ہادیہ مینا، کومل خان، ماہ نور، ماہم نزاکت، ماہنور زیب، میمونہ خالد، راحمہ سید، روائل فرحان، روزینہ اکرم، شہر بانو، زینب خانم اور ذوفشاں ایاز شامل ہیں۔