اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ سٹی میں ایک ڈرون حملے کے دوران فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان حازم قاسم کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے جبکہ زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی میں ایک گاڑی کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں حازم قاسم زخمی ہوئے، جبکہ ان کے ہمراہ موجود ایک ساتھی جاں بحق ہوگیا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد حازم قاسم کو نشانہ بنانا تھا، تاہم حملہ اپنے ہدف کے حصول میں کامیاب نہیں ہو سکا اور وہ زندہ بچ گئے۔
تاحال اسرائیلی فوج یا حکومت کی جانب سے اس واقعے کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ حماس نے بھی فوری طور پر ان رپورٹس پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔
اس واقعے کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے، جس کے باعث حملے کی مکمل تفصیلات اور اس کے نتائج ابھی واضح نہیں ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں اور فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے درمیان کشیدگی بدستور جاری ہے، اور خطے کی سکیورٹی صورتحال انتہائی حساس بنی ہوئی ہے۔