اداکار احسن خان کے والد انتقال کر گئے

مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے اداکار سے دلی تعزیت کا اظہار


ویب ڈیسک July 10, 2026

پاکستان کے معروف اداکار احسن خان کے والد انتقال کر گئے ہیں جس کی اطلاع انہوں نے خود سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو دی۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر احسن خان نے اپنے والد کے ہمراہ چند یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام بھی تحریر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ بعض جدائیاں انسان کو زندگی کی سب سے بڑی حقیقت کا احساس دلاتی ہیں کہ اس دنیا میں کچھ بھی ہمیشہ کے لیے نہیں اور ہر چیز دراصل اللہ کی امانت ہے۔

اداکار نے اپنے والد کو ایک شاندار شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج وہ جو کچھ بھی ہیں اس میں ان کے والد کا بنیادی کردار ہے۔

احسن خان نے اس مشکل گھڑی میں ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے ان سے رابطہ کیا، محبت اور ہمدردی کا اظہار کیا، وہ ان سب کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ ان کے مطابق لوگوں کی محبت اور حمایت نے انہیں یہ احساس دلایا کہ وہ اس آزمائش میں اکیلے نہیں ہیں جو ان کے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔

اداکار کے والد کے انتقال پر مداحوں، شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی جا رہی ہے۔