کرک اور کوہاٹ پولیس نے مشترکہ طور پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے کمانڈر زاہد گروپ کے 4 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
ڈی پی او کرک عمران چترالی کے مطابق کرک اور کوہاٹ پولیس نے مشترکہ طور خٹک ڈیم، کرک کوہاٹ بارڈر کے علاقے میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے مؤثر جوابی کارروائی کی۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں کمانڈر زاہد گروپ کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دہشت گرد گروپ ایس ایچ او تھانہ بانڈہ عمر نواز ضلع کرک اور انسپکٹر طاہرنواز ضلع کوہاٹ سال 2025 اور ڈی ایس پی اسد محمود، سب انسپکٹر انار گل سال 2026 و دیگر پولیس افسران و جوانان کی شہادت میں ملوث ہیں۔
ڈی پی او کرک کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت اور ان کے مجرمانہ ریکارڈ کے بارے میں مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او کرک اور ایس پی صدر کوہاٹ احسان شاہ موقع پر پہنچ گئے اور سرچ اپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
پولیس دہشت گردی کے خاتمے اور شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرک کے علاقے میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر خیبرپختونخوا پولیس کی ستائش کی اور 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے ایک بار پھر بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، کامیاب انٹیلی جنس آپریشن پر پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے فورسز پرعزم ہیں۔