پولیس نے راولپنڈی کے تھانہ سول لائن کے علاقے ڈھوک چراغ دین میں 75 سالہ بزرگ خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل کرلیا۔
قتل میں پوتی اور اسکا خاوند ملوث نکلے، ملزمان نے رقم کے لالچ میں ضعیف دادی کو پھندا دیکر قتل کیا اور زیورات اتار کر فروخت کردیے، پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق جون کے آخری ہفتے میں تھانہ سول لائن پولیس کو محمد شہزاد نے بتایا کہ ڈھوک چراغ دین راولپنڈی میں اپنی والدہ مسماۃ زہرہ خاتون بعمر 75 سال کے ساتھ رہتا ہوں گھر آیا تو والدہ مردہ حالت میں تھیں، ہم نے طبی موت سمجھی لیکن غسل کے وقت بچیوں نے انکے جسم پر تشدد کے نشان دیکھے گلے اور سر کی پچھلی سائیڈ پر بھی زخم دیکھا گیا جس سے مجھے شک ہوا کہ میری والدہ کی موت طبعی نہیں ہوئی بلکہ ان کو قتل کیا گیا ہے۔
مدعی کی درخواست پر پولیس نے پوسٹ مارٹم کروا کے مقدمہ درج کیا، ہیومن انٹیلیجنس اور جدید تکنیک کو استعمال کرتے ہوئے مقتولہ کی پوتی مسماتہ بسمہ بابر اور اسکے خاوند بابر علی جنکا گھر میں آنا جانا تھا کو شامل تفتیش کرکے تفتیش کی توملزمان نے معمر دادی کو رقم کی لالچ میں پھندا دیکر قتل کرنے اور زیورات اتار کر فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا۔
ایس پی پوٹھوہار سردار بابر ممتاز کا کہنا تھا کہ ملزمان کتنے ہی شاطر کیوں نہ ہوں قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، ملزمان کو جامع چالان کے ساتھ عدالت پیش کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔