منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشتگردانہ واقعے کے تسلسل میں پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کا "آپریشن شعبان" جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے 26 خوارج کو 6 اور 7 جولائی کو پہلے ہی جہنم واصل کیا جاچکا ہے، آپریشن شعبان کے دوران دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف گھیرا مزید تنگ ہوگیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زمینی اور ہوائی ایکشنز کے ذریعے فتنہ الخوارج کے خلاف متعدد کارروائیاں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 خارجی دہشت گرد جہنم واصل کیے جا چکے ہیں، آپریشن شعبان میں جہنم واصل ہونے والوں کی تعداد مجموعی طور پر 39 ہو گئی ہے۔
آپریشن شعبان کے علاوہ آج صبح خضدار زیدی کے علاقے میں دہشت گردوں کا پولیس اسٹیشن پر حملہ بھی پسپا کردیا گیا، فوج اور ایف سی کے دستوں کی برق رفتار کارروائی کے ذریعے 8 دہشت گردوں کے جہنم واصل ہونے کی مصدقہ اطلاعات ملیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ 5 سے 6 مزید دہشت گردوں کے ہیلی کاپٹر آپریشنز میں مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، 5 جولائی سے آپریشن شبعان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 75 دہشت گرد جہنم واصل ہو چکے ہیں۔