فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مبینہ حمایت مہنگی پڑنے کا امکان ہے۔
بین الاقوانی خبر رساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم فیئر اسکوائر نے اعلان کیا ہے کہ وہ جیان انفانٹینو کے خلاف بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) میں باضابطہ شکایت دائر کرے گی۔
تنظیم کا مؤقف ہے کہ انفانٹینو نے متعدد مواقع پر ٹرمپ کی عوامی حمایت کرکے فیفا کے ضابطۂ اخلاق میں درج سیاسی غیرجانبداری کے اصول کی خلاف ورزی کی ہے۔
اسی بنیاد پر دسمبر 2025 میں فیفا کی ایتھکس کمیٹی سے بھی رجوع کیا گیا تھا۔
شکایت میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ فیفا کے ’پیس پرائز‘ کے اجرا اور اسے ڈونلڈ ٹرمپ کو دینے کے فیصلے کی تحقیقات کی جائیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ یہ فیصلہ فیفا کونسل نے کیا تھا یا انفانٹینو نے اکیلے کیا۔
دوسری جانب فیفا نے تصدیق کی ہے کہ ایتھکس کمیٹی ابتدائی جانچ شروع کر سکتی ہے تاہم شکایت موصول ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ باقاعدہ کارروائی لازمی ہوگی۔
ادھر یورپی پارلیمنٹ کے 50 اراکین اور ناروے کی فٹبال فیڈریشن بھی اس معاملے میں تحقیقات کے مطالبے کی حمایت کر چکے ہیں۔