ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سری لنکا جانے والی خاتون مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافرہ کی شناخت فاطمہ ساجد دختر ساجد وحید، سکنہ لاہور، کے طور پر ہوئی۔ دوران امیگریشن مشکوک سفری حالات پر مسافرہ کو تفصیلی جانچ پڑتال کے لیے روک لیا گیا۔
خاتون مسافر نے انکشاف کیا کہ وہ قبل ازیں کمبوڈیا میں چینی شہریوں کے زیر انتظام آن لائن اسکیمنگ نیٹ ورک میں کام کر چکی ہے، کمبوڈیا جانے کے لیے ملازمت کا جھانسہ دے کر اس سے 2 لاکھ روپے وصول کیے گئے جبکہ ویزا اور ٹکٹ کا انتظام بھی اسی گروہ نے کیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خاتون نے اعتراف کیا کہ جعلی ’’علی ایکسپریس‘‘ پلیٹ فارم اور ’’ٹیلی گرام‘‘ کے ذریعے مصری شہریوں کو سرمایہ کاری کے نام پر آن لائن فراڈ کا نشانہ بنایا جاتا تھا جبکہ چینی آپریٹرز اہداف مکمل کرنے پر تنخواہ اور کمیشن ادا کرتے تھے۔
خاتون مسافر نے مزید اعتراف کیا کہ اس نے ایچ آر کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں اور متعدد پاکستانی شہریوں کو اسی کمپنی میں بھرتی کیا، اس کا دوست وکٹر اسے سری لنکا بلا رہا تھا جہاں اسی نوعیت کی آن لائن اسکیمنگ کمپنی میں ملازمت کی پیشکش کی گئی تھی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق موبائل فون کے تجزیے سے آن لائن فراڈ، جعلی پلیٹ فارمز، ٹیلیگرام چیٹس اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات سے انسانی اسمگلنگ، بین الاقوامی سائبر فراڈ اور منظم ٹرانس نیشنل جرائم سے ممکنہ تعلقات سامنے آئے۔
خاتون مسافر کو آف لوڈ کر کے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔