نج کاری کمیشن بورڈ نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشیر مقرر کر دیا اور اس حوالے سے ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز ایگریمنٹ پر دستخط کی منظوری دے دی گئی ہے۔
نج کاری کمیشن بورڈ کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے نج کاری اور نج کاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی سی بورڈ نے ایڈوائزری معاہدے کی شرائط کا جائزہ لیا اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی منظوری دی۔
نج کاری کمیشن بورڈ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بنک اپنی مہارت اور تجربے کی بدولت مسابقت اور شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے اس اہم نج کاری کو تیزی سے مکمل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو شفاف اور مسابقتی عمل کے ذریعے طویل المدتی رعایتی فریم ورک کے تحت نجی شعبے کے قابل آپریٹر کو آؤٹ سورس کیا جائے گا اور اس عمل سے یہ توقع ہے کہ ہوائی اڈے کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ مسافروں کا ہوائی اڈے پر تجربہ بہتر ہو گا اور ہوائی اڈے کی سہولیات کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کیا جا سکے گا۔
علاوہ ازیں نج کاری کمیشن بورڈ نے بورڈ کی آڈٹ کمیٹی کی سفارش پر 2025-26 تا 2027-28 تین سالہ مدت کے آڈٹ کے لیے بی ڈی او ابراہیم اینڈ کمپنی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کی بطور بیرونی آڈیٹرز تقرری کی منظوری بھی دے دی ہے۔
پی سی بورڈ نے حکومت کے نج کاری پروگرام میں سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کو قائم رکھنے کے لیے شفافیت اور کارکردگی پر مبنی اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔