علما سمیت تمام متعلقہ اکائیاں آبادی کےمعاملے پر ہنگامی بینادوں پر ذمہ داری کا احساس کریں، وزیر اعظم

آبادی کی ذمہ دارانہ اور دانشمندانہ منصوبہ سازی اور نظم و نسق ہی فلاحی معاشرہ  کی بیناد ہے، شہباز شریف


ویب ڈیسک July 11, 2026

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں، میں تمام متعلقہ اکائیوں بشمول وفاقی و صوبائی حکومت، اراکینِ پارلیمان، ترقیاتی شراکت دار، سول سوسائٹی، جامعات، نجی شعبہ، علمائے کرام، ذرائع ابلاغ اور مقامی برادریوں  سے اپیل کرتا ہوں کہ آبادی کےمعاملے کی حساسیت کے مد نظر ہنگامی بینادوں پر اپنی سماجی ذمہ داری کا احساس کریں۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ آبادی کی ذمہ دارانہ اور دانشمندانہ منصوبہ سازی اور نظم و نسق ہی فلاحی معاشرہ  کی بیناد ہے۔وسائل سے متناسب آبادی سہولیات کی منصفانہ تقسیم اور خوشحال عوام کی ضمانت ہے۔

عالمی سطح پر آبادی کے موضوع پر مختص یہ دن اسکی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس سال یہ عالمی دن "نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو آج اور مستقبل میں حقیقت بنانا" کے زیرعنوان منایا جا رہا ہے۔ یہ موضوع اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ خوشحال مستقبل کی تشکیل میں نوجوان مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ نئی نسل کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

آبادی کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے اور نمایاں نوجوان آبادی کے تناسب کی وجہ سے نمایاں ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ مجموعی ملکی آبادی کا پینسٹھ فیصد سے زائد حصہ تیس برس سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، جو ایک قیمتی قومی سرمایہ اور معاشی و سماجی ترقی کا مضبوط محرک ہے۔ تاہم آبادی میں سالانہ 2.55 فیصد اضافہ معاشی منصوبہ بندی، روزگار کی فراہمی، تعلیم، صحت، رہائش، غذائی تحفظ، بنیادی شہری ڈھانچے کی ترقی اور ماحولیاتی پائیداری کے حوالے سے بڑے چیلنجز بھی پیدا کرتا ہے۔

نوجوان آبادی کی استعداد  سے بھرپور استفادہ اور مثبت ثمرات کے لیےدستیاب ملکی وسائل میں مسلسل سرمایہ کاری اور جامع حکمتِ عملی ناگزیر ہے ۔ تاکہ انسانی فلاح اور صلاحیتوں کی نشوو نما کو ترقی کے عمل کا محور بنایا جاسکے۔
 
ملکی آبادی اور ترقی کے تناظر میں جامع اور موثر  قومی حکمت عملی کی تشکیل کے لئے  وفاقی حکومت کے زیر نگرانی *قومی کونسل برائے آبادی* قائم کی گئی ہے۔

آبادی کے لیے بہترین منصوبہ سازی کے لیے یہ اعلیٰ سطحی قومی فورم  وفاقی اور صوبائی حکومتی پالیسی ہم آہنگی اور اداراجاتی روابط  کو یقینی بناۓ گا۔ یہ کونسل قومی آبادی پروگرام کے نفاذ کے لیے پالیسی رہنمائی کے ساتھ ساتھ قومی ترجیحات کے مطابق مؤثر عمل درآمد  کے ضمن میں ضروری اور بر وقت فیصلہ سازی بھی کرے گی۔ 

علاوہ ازیں آبادی سے متعلق امور کی قومی ترقیاتی ایجنڈے میں مؤثر شمولیت، بااختیار خواتین، انسانی وسائل کی ترقی سمیت دیگر حقائق پر مبنی پہلوؤں کی پالیسی سازی اور طویل المدتی سماجی و معاشی خوشحالی کے لیے کام کونسل کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

نوجوانوں کو باصلاحیت، ذمہ دار اور بااختیار شہری بنانے کے عظیم مقصد کے حصول کے لیۓ وزیراعظم یوتھ پروگرام اور دیگر  اہم قومی اقدامات بھی اٹھاۓ جا رہے ہیں۔

تمام شہری بلا تفریق رنگ و نسل بالخصوص معاشرے کے کمزور طبقات سہولیات کی فراہمی اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ ایسے تمام طبقات بشمول خواتین اور بچیوں کی تعلیم، صحت، معاشی شمولیت اور مساوی مواقع حکومت کی ترجیح ہیں۔

آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔ میں تمام متعلقہ اکائیوں بشمول وفاقی و صوبائی حکومت، اراکینِ پارلیمان، ترقیاتی شراکت دار، سول سوسائٹی، جامعات، نجی شعبہ، علمائے کرام، ذرائع ابلاغ اور مقامی برادریاں  سے اپیل کرتا ہوں کہ آبادی کےمعاملے کی حساسیت کے مد نظر ہنگامی بینادوں پر اپنی سماجی ذمہ داری کا احساس کریں اور آبادی سے متعلق باخبر فیصلوں، ذمہ دارانہ پرورش، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

انشاءاللہ! اجتماعی عزم اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہم ایسا ماحول یقینی بنا سکتے ہیں جہاں ہر شہری کو صحت مند، باوقار اور باصلاحیت زندگی گزارنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ مشترکہ کوششوں سے ہم ملکی آبادیاتی صلاحیت کو دیرپا قومی قوت میں بدل سکتے ہیں اور موجودہ و آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط، مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کو یقینی بنا سکتے ہیں۔