لاہور: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی سموں کے اجرا کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرتے ہوئے اہم پیش رفت حاصل کر لی۔
پی ٹی اے کے زونل دفتر لاہور نے این سی سی آئی اے کے تعاون سے غیر قانونی طور پر فعال سموں کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی۔
پی ٹی اے کی شکایت پر این سی سی آئی اے نے ساہیوال میں ایک خاتون ملزمہ کو گرفتار کیا، جو مبینہ طور پر غیر قانونی سموں کے بڑے نیٹ ورک میں ملوث تھی۔
کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 329 غیر قانونی طور پر فعال سمیں برآمد ہوئیں، جن میں 176 جاز، 83 یوفون، 66 زونگ اور 4 ٹیلی نار کی سمیں شامل ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بڑی تعداد میں سموں کی غیر قانونی خرید و فروخت اور مختلف شہروں میں ترسیل کے شواہد سامنے آئے ہیں، جبکہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سموں کے اجرا کے خاتمے اور ملٹی فنگر بائیومیٹرک تصدیقی نظام کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے اقدامات مؤثر انداز میں جاری رکھے جائیں گے۔
اتھارٹی نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سموں کی باقاعدگی سے تصدیق کریں اور اگر کسی کے نام پر غیر مجاز سم جاری ہو تو فوری طور پر پی ٹی اے کی ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔