پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر معاشی حملہ ہے، ایم کیو ایم ارکان اسمبلی

حکومت مہنگائی کم کرنے کے دعوے کر رہی ہے، مگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ان دعوؤں کی نفی کرتا ہے


ویب ڈیسک July 11, 2026
فوٹو فائل

ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر معاشی حملہ ہے۔

حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان قومی اسمبلی نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مہنگائی سے پریشان عوام پر ایک اور معاشی حملہ ہے، حکومت فوری طور پر فیصلہ واپس لے۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل اور بجلی مہنگی کرکے عوام کی زندگی مزید مشکل بنائی جا رہی ہے، حکمران عوامی مشکلات کا ادراک کریں۔ حکومت مہنگائی کم کرنے کے دعوے کر رہی ہے، مگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ان دعوؤں کی نفی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ اور کاروباری لاگت میں مزید اضافہ ہوگا، اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔  عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے فیصلے معاشی مشکلات میں مزید اضافہ کریں گے۔

ایم کیو ایم کے ارکان نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔