پرتگال فٹبال فیڈریشن نے جارج جیزس کو قومی ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے جنہوں نے واضح کیا ہے کہ اگر کرسٹیانو رونالڈو فٹ اور دستیاب ہوئے تو وہ انہیں قومی ٹیم میں ضرور شامل کریں گے۔
اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جارج جیزس نے کہا کہ جب تک رونالڈو کھیل رہے ہیں اور قومی ٹیم کے لیے موزوں ہوں گے، میں انہیں ضرور منتخب کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ان کی رونالڈو سے بات نہیں ہوئی، تاہم جلد دونوں کے درمیان ملاقات ہوگی جس میں اسٹار فٹبالر کے بین الاقوامی مستقبل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
جارج جیزس نے کہا کہ رونالڈو کبھی بھی قومی ٹیم کے لیے مسئلہ نہیں بنیں گے، نہ ٹیم کے لیے اور نہ ہی میرے لیے۔ وہ پرتگالی فٹبال اور قومی ٹیم کی ایک علامت ہیں اور ہمیشہ تاریخ کا حصہ رہیں گے۔
71 سالہ جارج جیزس گزشتہ سیزن میں سعودی کلب النصر کے کوچ رہے جہاں انہوں نے کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ کام کیا اور ٹیم کو سعودی پرو لیگ کا ٹائٹل بھی جتوایا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رونالڈو نے انہیں کئی مرتبہ کہا تھا کہ وہ اپنے کلبی کیریئر کا اختتام النصر میں ہی کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کو فیفا ورلڈ کپ 2026 میں مایوس کن کارکردگی کے بعد شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ اسپین کے ہاتھوں پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد انہوں نے اشارہ دیا تھا کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ تھا۔ تاہم انہوں نے ابھی تک قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ یا مستقبل سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
جارج جیزس 2030 کے فیفا ورلڈ کپ کے بعد تک پرتگال کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ 2030 کے عالمی کپ کی پرتگال، اسپین اور مراکش مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے۔