گلہری نے میٹا کے آفس میں افراتفری مچا دی

رپورٹ کے مطابق گلہری کچھ دیر تک دفتر میں آزادانہ گھومتی رہی، جس کے باعث ملازمین میں ہلچل مچ گئی


ویب ڈیسک July 12, 2026

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں میٹا (فیس بک کی پیرنٹ کمپنی) کے دفتر میں آنے والے ایک پیکج سے نکلنے والی گلہری نے افرا تفری مچا دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعے سے متعلق ایک داخلی میمو میں بتایا گیا کہ گلہری کچھ دیر تک دفتر میں آزادانہ گھومتی رہی، جس کے باعث ملازمین میں ہلچل مچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق گلہری نے ایک صفائی کرنے والے ملازم کی انگلی پر معمولی خراش بھی لگا دی۔ تاہم، بعد میں اسے بحفاظت قابو کر لیا گیا۔

نیویارک ٹائمز کے رپورٹر مائیک آئزک نے ملازمین سے بات چیت کے بعد سوشل میڈیا پر بتایا کہ اس غیر معمولی واقعے نے دفتر میں دلچسپ ماحول پیدا کر دیا۔

ان کے مطابق ایک ملازم نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے گلہری سے متعلق دفتری احتیاطی تدابیر پر مبنی ایک مزاحیہ ویڈیو بھی تیار کی، جو ایچ آر کی تربیتی ویڈیوز کی طرز پر بنائی گئی تھی۔