بھارت کے اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کی لندن میں ایک نجی ملاقات اس وقت غیر متوقع طور پر خبروں کی زینت بن گئی جب ان کی اجازت کے بغیر لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق رائل چیلنجرز بنگلورو کے ساتھی کھلاڑی اور انگلینڈ کے بیٹر جارڈن کاکس نے برطانوی اخبار کو بتایا کہ گزشتہ ماہ وہ لندن کے ایک کیفے میں ویرات کوہلی سے ملے تھے جہاں دونوں نے کرکٹ، دباؤ سے نمٹنے اور کوہلی کے کیریئر پر تفصیلی گفتگو کی۔
جارڈن کاکس کے مطابق ملاقات کے دوران کسی نے انہیں پریشان نہیں کیا، تاہم چند گھنٹے بعد ویرات کوہلی نے انہیں پیغام بھیجا اور پوچھا کہ کیا انہوں نے ملاقات کی تصاویر دیکھی ہیں جو سوشل میڈیا پر پھیل چکی تھیں۔
کاکس نے کہا کہ ویرات کوہلی اپنی نجی زندگی کو عوامی توجہ سے دور رکھنا چاہتے ہیں اور عام لوگوں کی طرح سکون سے وقت گزارنے کے خواہش مند ہیں لیکن ان کی شہرت کی وجہ سے ایسا کرنا ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا۔
انہوں نے ویرات کوہلی کی شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کھیلنے کا سب سے متاثر کن پہلو یہ تھا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کے لیے بھرپور وقت نکالتے ہیں۔
جارڈن کاکس کا کہنا تھا کہ بہت سے بڑے کھلاڑی صرف اپنی کارکردگی پر توجہ دیتے ہیں لیکن ویرات کوہلی دوسروں کی مدد کو اپنی ترجیح بناتے ہیں اور یہی بات انہیں منفرد بناتی ہے۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد نسبتاً کم عوامی زندگی گزار رہے ہیں۔ وہ اپنی اہلیہ انوشکا شرما اور بچوں کے ساتھ زیادہ تر وقت لندن میں گزارتے ہیں۔