میٹا نے جذبات کی پیمائش کرنے والی نئی اے آئی ڈیوائس کا پیٹنٹ دائر کر دیا

امریکی پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس میں دائر کیے گئے اس پیٹنٹ کو 2 جولائی کو شائع کیا گیا


ویب ڈیسک July 12, 2026

ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے ایک ایسی اے آئی ڈیوائس کا پیٹنٹ دائر کیا ہے جو صارف کی ہنسی، آہ بھرنے، بولنے کے انداز اور دیگر زبانی و غیر زبانی اشاروں کا تجزیہ کرکے اس کی جذباتی کیفیت کا اندازہ لگا سکے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس میں دائر کیے گئے اس پیٹنٹ کو 2 جولائی کو شائع کیا گیا۔

پیٹنٹ میں ایسی اے آئی سے چلنے والی ڈیوائس کی تفصیل بیان کی گئی ہے جو صارف اور اس کے مقام سے متعلق معلومات کا تجزیہ کرتے ہوئے کسی بھی وقت اس کی جذباتی کیفیت کا تعین کر سکتی ہے۔

پیٹنٹ کے مطابق صارف کو اس کی ذاتی جذباتی پیمائش دکھائی جائے گی تاکہ وہ اپنی ذہنی اور جذباتی کیفیت کو بہتر انداز میں سمجھ سکے۔

دستاویز میں مزید کہا گیا کہ مشین لرننگ ماڈل صارف کے زبانی اور غیر زبانی اشاروں کی تشریح کرکے مختلف جذباتی اشاریوں کی نشاندہی کر سکتا ہے۔

پیٹنٹ میں ایک مثال بھی دی گئی ہے، جس میں اگر کوئی صارف گھر سے ویڈیو کال کے دوران مایوس یا بے دلی سے بات کر رہا ہو تو اے آئی ڈیوائس اس اندازِ گفتگو کو شناخت کرکے اس کی جذباتی کیفیت کا تجزیہ کر سکتی ہے۔