پانچواں ٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ نے بھارت کو شکست دے کر سیریز 0-4 سے جیت لی

سیریز میں شاندار کامیابی کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئی


ویب ڈیسک July 11, 2026

انگلینڈ نے بھارت کو پانچویں اورآخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں 56 رنز سے شکست دے  کر سیریز 0-4 سے جیت لی۔سیریز میں شاندار کامیابی کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئی۔

ساؤتھیمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی ٹیم 258 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں  201 رنز بنا سکی۔

بھارت کی جانب سے ایشان کشن 56 اور تِلک ورما 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دیگر بلے بازوں میں کپتان شریاس ایر 28، سنجو سیمسن 27، شیوم ڈوبے 14 جبکہ اکشر پٹیل اور  ابھیشیک شرما 3، 3  رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے سیم کرَن نے 3 اور عادل راشد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لیام ڈاسن، جوفرا آرچر اور جوش ٹنگ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

ساؤتھیمپٹن میں جاری میچ میں انگلینڈ نے بھارت کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز اسکور کیے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے جوس بٹلر نے 64 گیندوں پر 131 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ کپتان ہیری بروک 95 اور ول جیکس 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

فِل سالٹ 6 اور جیکب بیتھل 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے شیوم ڈوبے نے 2 جبکہ پراسدھ کرشنا نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔